کھیلوں کا فروغ‘ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اکیڈمی بنانے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کھیلوں کی تنظیموں کی انتظامی صلاحیت میں اضافے اور گڈ گورننس کو فروغ دینے کیلئے اولمپک اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس میں مختلف کھیلوں کے کوچنگ کورسز بھی کرائے جائیں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی او اے صدر سید عارف حسن کی زیر قیادت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے اولمپک اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز آئندہ برس ہوگا۔ پی او اے کے زیر اہتمام اولمپک اکیڈمی کے قیام پر کچھ عرصہ سے ہوم ورک کر رہے تھے جس کی تکمیل پر کھیلوں کی تنظیموں میں گڈ گورننس اور بہتر مینجمنٹ کیلئے اس کے قیام کا باقاعدہ اعلان کیا جارہا ہے جو جنوری 2017 ء میں باقاعدہ کام شروع کر دے گی۔