• news

افغانستان امریکی فوج جنگی جرائم میں ملوث ہو سکتی ہے :انٹرنیشنل کریمنل کورٹ

ہیگ( آن لائن+اے ایف پی+صبا نیوز) جنگی جرائم کی عالمی عدالت کے پراسیکیوٹر نے کہا ہے امریکی فوج افغانستان میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو سکتی ہے۔ ممکنہ جنگی جرائم سے متعلق ابتدائی تحقیقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انٹر نیشنل کریمنل کورٹ کے چیف پراسکیوٹر فتدبن سیوڈا کا کہنا ہے کہ2003,04ء کے دوران زیر حراست افراد سے تفتیش میں امریکی فوج اور سی آئی اے نے ایسے طریقے اپنائے جو جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ چیف پراسکیوٹر نے کہا کہ تفتیش میں زیر حراست افراد نے ظالمانہ سلوک، ٹارچر اور جنسی زیادتی جیسے واقعات کی معقول بنیاد پر یہ سمجھایا جا سکتا ہے کہ امریکی فوج اور سی آئی اے افغانستان میں جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق کریمنل کورٹ کی پراسکیوٹر فاتو بینسودا نے کہا ہے کہ 2001ء سے طالبان جنگجو، افغان سکیورٹی فورسز، امریکی افواج اور اسی طرح سی آئی اے نے بھی بظاہر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان اور ان کے اتحادی2007ء سے2015ء تک17ہزار سو یلین کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فورسز کے اہلکاروں نے بظاہر 61افراد کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنای۔ سی آئی اے نے افغانستان، پولینڈ، رومانیہ اور لتھوینیا میں خفیہ حراستی مراکز میں’’ بند کم از کم 27افراد پر تشدد کیا‘‘۔ اس معاملے پر امریکی حکومت کی طرف سے تا حال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تا ہم فتو بن سوڈا نے کہا کہ وہ ’’ فوری طور پر ‘‘ اس بات کا فیصلہ کریں گی کہ آیا اس معاملے کی ایک جامع تحقیقات شروع کرنے کے لئے اجازت طلب کی جائے یا نہیں۔ اگرچہ امریکہ جرائم کی بین الاقوامی عدالت کا رکن نہیں ہے تا ہم اس کے خلاف افغانستان جیسے دیگر رکن ممالک میں امریکی شہریوں کی طرف سے کیے جانے والے مبینہ جرائم کے معاملے پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے بارہ سے زائد شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ ننگر ہار کے ضلع آچین میں داعش کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہو گیا۔ دوسری طرف افغانستان کے مختلف صوبوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں25طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ایک ہیلی کاپٹر بھی گر کر تباہ ہو گیا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مغربی صوبہ گہو میں سکیورٹی فورسز کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو ا۔ تا ہم حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا۔

ای پیپر-دی نیشن