• news

کامیاب ضرب عضب آپریشن کے باعث ہم ساری دنیا میں سرخرو ہوئے: پرویز خٹک

پشاور(آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جس آزاد فضا میں آج ہم سانس لے رہے ہیں چار سال پہلے اس کا تصور بھی نا ممکن تھا۔ اس وقت دہشت گردی عروج پر تھی اور اب ہر طرف امن کا سماںہے۔ کامیاب ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے ہم ساری دنیا میں سرخرو ہو ئے۔ انہوں نے پائیدار تعلیمی نظام اور مضبوط روایات کو قومی ترقی کا ضامن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جن معاشروں میں تعلیم کا پائیدار نظام اور مضبوط روایات نہ ہوں وہاں برائیوں کے جنم لینے کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ ہمارا کمزور تعلیمی نظام زمانے کے بدلتے تقاضوں کا مقابلہ نہ کر سکا۔ قوم دشمن حکمرانوں اور مفاد پرست سیاستدانوں نے اس نظام کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا۔ تحریک انصاف ان قوم دشمن قوتوں اور برائیوں کی ضد کے طور پر سامنے آئی۔ سرمایہ دارانہ سوچ کو چیلنج کیا اور 70سال سے تباہ حال اداروں کا قبلہ درست کرنے کیلئے کام شروع کیا۔ ہم سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے برابر لاکھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے اقدامات کی وجہ سے اب پرائیویٹ اداروں سے لوگ سرکاری سکولوں میں آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج سوات میں یوم والدین کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے بڑی مصیبتیں اٹھائیں، تکالیف برداشت کیں اور بے تحاشہ قربانیاں دیں۔ اس خطے کے غیور عوام اور سکیورٹی فورسز نے قربانیوں کی ایک لا زوال داستان رقم کی لیکن دہشتگردی پر قابو پا لیا۔ پاک فوج نے عوام کی حمایت سے معاشرے کے ناسوروں کا خاتمہ کیا۔وزیراعلیٰ نے یکساں اور مضبوط نظام تعلیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم اپنے نظام تعلیم کے مقاصد کا تعین نہ کر لیں یہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن