• news

پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم، صارفین کو ریلیف فراہم کررہے ہیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر قسم کا ریلیف فراہم کیا جارہا ہے،جنوبی ایشیا کے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ منگل کو وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی،جس میں وزارت پٹرولیم کی جانب سے شروع کئے گئے مختلف اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ وزیرخزانہ نے وزارت پٹرولیم کو پٹرولیم کے نئے ذخائر دریافت کرنے پر مزید توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ کم سے کم تیل درآمد کرکے ملکی خزانے پر بوجھ کم کیا جاسکے۔اس موقع پر وزیرپٹرولیم نے کہا کہ موسم سرما میں مقامی صارفین کی جانب سے گیس کے زائد استعمال کی وجہ سے سپلائی بڑھ گئی ہے اور وزارت گھریلو صارفین اور انڈسٹری کو گیس کی سپلائی برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی ،جس میں ایف بی آر ،فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ اور دیگر وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیرخزانہ کو منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے گڈگورننس اور شفافیت کو بڑھانے کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں،کمپنیز آرڈیننس 2016 حال ہی میں نافذ کیا گیا ہے جس میں ایس ای سی پی کو منی لانڈرنگ،دہشتگردوں کی مالی معاونت اور فراڈ کے کیسز میں مشترکہ تحقیقات کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔قومی اسمبلی کی کمیٹی نے قانون پاس کردیا ہے جس سے ملک میں بلیک منی کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔ حکومت نے پراپرٹی اور ٹیکس کے معاملات کے حوالے سے بھی متعدد اقدامات کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن