• news

بھارتی گولہ باری سے بھاگنے والے نہیں، جارحیت کا مقابلہ کرینگے: آزادی کانفرنس

نیلم آزاد کشمیر (صباح نیوز) ہم بھارتی گولہ بار ی سے ڈر کربھاگنے والے نہیں ،جو یہ پراپیگنڈہ کررہے ہیں کہ نیلم کے لوگ بھارت کی فائرنگ سے ڈرکر اپنے علاقے چھوڑ جائیں گے وہ سن لیں ہم یہیں پرہیں ہم پہلے بھی بھارتی جارحیت کوجھیلا اب بھی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر لڑیں گے۔اگر مقبوضہ کشمیر کے تاجر اپنے کاروبارکا اربوں روپے کا نقصان برداشت کرسکتے ہیں ،اگر مقبوضہ کشمیرکی مائیں بہنیں بھوک برداشت کرسکتی ہیں وہاں کے معصوم بچے دودھ سے محروم کردیے گئے ہیں تو ہم نیلم کے غیور عوام ان کے آزادی کے لیے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جماعۃ الدعوہ کے زیراہتمام نیلم آزاد کشمیر میں منعقدہ آزادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آزادی کانفرنس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی جو عیدگاہ گراؤنڈ سے شاردہ مرکزی بازار سے ہوتی ہوئی واپس گراؤنڈ میں جا کرختم ہوئی۔ شرکا ء ریلی نے بھارتی جارحیت اور مودی کے خلاف نعرے بازی کی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت امیر جماعۃ الدعوہ آزادکشمیر مولاناعبدالعزیز علوی نے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالعزیز علوی نے کہاکہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر واضح اور جارحانہ پالیسی وضع کرے اور وادی نیلم کے لوگوں کے لیے سڑکوں کے تعمیر کرے تاکہ بھارتی جارحیت کے باوجود زندگی کا پہیہ چلتا رہے۔ مودی بھارت کی بربادی میں اہم کردار ادا کررہا ہے اللہ نے امریکہ کی بربادی کے لیے ٹرمپ کو امریکیوں پرمسلط کر دیا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما ابوحفص نے کہا کہ وادی نیلم غازیوں اور مجاہدین کی سرزمین ہے۔ سید احمد شہید جیسے مجاہد کمانڈر بھارت سے انگریزوں کے خلاف لڑتے ہوئے ان علاقوں میں آئے اور شہید ہوگئے۔ آج اس خطہ کے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نیلم کے عوام کے ساتھ ہیں اور ہر مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ آزادی کانفرنس سے شرافت میر، گل بہار رہنما مسلم کانفرنس، صوبیدار ریٹائرڈ محمد شفیع مسلم لیگ (ن)، ضیاء الرحمن قریشی امیر جماعت اسلامی شاردہ، صدر بازار شاردہ شاہ نواز خان، جاوید اسلم رہنما پیپلز پارٹی، جماعۃ الدعوۃ شاردہ کے مہربان سلفی، ابوعبیدہ سلطان، صلاح الدین ایوبی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن