• news

مقبوضہ کشمیر ،مظاہرے جاری،دسویں جماعت کا طالبعلم گرفتار،یاسین ملک رہا

سری نگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کی کال پر ہڑتال، احتجاجی مظاہرے جاری، کرفیو میں مزید سختی کردی گئی ٗ لوگ گھروں میں محصور ٗ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی شدید قلت ٗ نوہٹہ میں احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ اور شیلنگ سے متعددکشمیری زخمی ٗ دو کی حالت تشویشناک ٗ ترال میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے پتھرائو ٗ 20 اہلکار زخمی ٗ دو گاڑیاں بھی نذر آتش کردی گئیں ٗ مزید 15 نوجوان گرفتار ٗ چیئرمین لبریشن فرنٹ یاسین ملک کو 5 روز بعد رہا کردیا گیا ۔ لال چوک اور ملحقہ بازار بند رہے۔ اس دوران بانڈی پورہ میں بھی دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔ جوگی لنگر،سعیدہ تینگ،اسلامیہ کالج کے علاوہ دیگر جگہوں پر معمولی سنگبازی کے واقعات رونما ہوئے جبکہ فورسز نے نوجوانوں کا تعاقب کیا۔ ادھر گنستان سمبل میں فورسز نے تنظیم آزادی کے صدر عبدالصمد انقلابی کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر میں موجود نہیں تھے۔ دوسری جانب لبریشن فرنٹ چیئر مین محمد یاسین ملک کو سرینگر سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔فرنٹ چیئر مین کو10نومبرجمعرات کو اپنی رہائش گاہ واقع مائسمہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے نو رباغ سرینگر سے تعلق رکھنے والے 21سالہ رضوان کو فورسز کی گاڑی سے ٹکر مارکر قتل کرنے اور اس کے جلوس جنازہ پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک طرف بھارتی فورسز ہمارے جوانوں کو ہر ممکن طریقے سے قتل کررہی ہیں اور دوسری طرف ہمیں ان لاشوں پر آنسو بہانے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ بھارتی پولیس نے ہندواڑہ میں دسویں جماعت کے طالب علم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے دسویں جماعت کے امتحانات دینے والے طالب علم عمر مقبول کو ہندواڑہ کے علاقے نطنوسہ سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ اپنی رول نمبر سلپ حاصل کرنے کیلئے سکول جارہا تھا۔ دختران ملت نے کہا بھارت مقبوضہ علاقے سے فوری طور پر فوجی انخلاکرے۔نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارتی وزیر دفاع کے اس بیان کہ پانچ سو اور ہزار روپیہ کے نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے کشمیر میں پتھرائو میں کمی آئی ہے کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہا اپنی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کرنے والے کشمیری عوام کی قیمت پانچ سو یا ہزا ر روپے نہیں ہو سکتی۔ سردی کی شدت بڑھتے ہی حالیہ انتفادہ کے دوران بھارتی فوررسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر پیلٹ گن سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے زخمی ہونیوا لے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے دو بڑے ہسپتالوں میں پیلٹ گن سے زخمی ہو کر داخل ہونیوالے 1264نوجوانوں کا کہنا ہے کہ سردی کی وجہ سے ان کی آنکھوں میں پھر سے شدید دردشروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے انہیں تکلیف کا سامنا ہے ۔ پیلٹ گن سے متاثرہ نوجوانوں کی آنکھوں میں خون جم گیاہے ،ڈاکٹروں نے اسے آنکھوں میں انفیکشن کی علامت قراردیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن