• news

منفی سیاست کرنیوالے مسلسل ناکامیوں سے سبق سیکھیں: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں چیف منسٹرز سکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت کئے گئے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدرآمد اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن سٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، یہ اتھارٹی اساتذہ کی سرٹیفکیشن کی ذمہ دار ہو گی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدرآمد سے تعلیمی شعبہ کی بہتری پر مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔ تعلیم کی روشنی عام کر کے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ حکومت پنجاب نے 70ہزار سے زائد بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر سکولوں میں داخل کرایا ہے۔ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کی مانیٹرنگ کی اور کہا کہ کمیٹی کی صدارت میں خود کروں گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اساتذہ کی تربیت کیلئے اداروں کو اپ گریڈ کیا جائے اور جہاں نئے تربیتی ادارے بنانے کی ضرورت ہے فوری طور پر بنائے جائیں۔ عالمی ماہرین کی مشاورت سے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔رواں سال مزید80ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی ہونیوالے با صلاحیت اور قابل اساتذہ کو نتائج بھی دینا ہیں۔ بچوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کر کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں لایا جا سکتا ہے۔ اچھی کارکردگی پر اساتذہ کو انعام بھی دیئے جائیں گے جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی باز پرس ہو گی۔ انہوں نے کا کہ تعلیم کا فروغ ہماری پہلی ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔اجلاس میں1350اسسٹنٹ ایجوکیشنل آفیسرز کی بھرتی کی منظوری دی گئی۔شہباز شریف سے بین الاقوامی کمپنی کے چیئر مین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور پنجاب میں تھیم پارک کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔عالمی یوم طلباء کے موقع پر پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں طلباء اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ طالب علم کی سوچ اور فکر سے کسی بھی قوم کے مستقبل کی راہ متعین ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی واحد کنجی ہے جو طلباء کے شعور کے بند دریچوں کے قفل کھولتی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو ’’ بابا گرو نانک‘‘ کے548ویں جنم دن کی تقریبات اور مسلم لیگ(ن) کے مخصوص بلدیاتی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے انتخابات میں بھی خدمت ، امانت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے اور الزام تراشی، جھوٹ اور منفی سیاست کرنے والوں کو مخصوص نشستوں کے انتخابات میں بھی بری طرح شکست ہوئی ہے۔ منفی سیاست کے علمبرداروں کو پے در پے شکستوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے کیونکہ الزام تراشی کی سیاست کی شفافیت اور خدمت کی سیاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن