• news

وادی تیراہ: فائرنگ سے امن لشکر کے 5 رضاکار جاں بحق

وادی تیراہ + کوئٹہ (صباح نیوز+ بیورو رپورٹ) خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امن لشکر کے پانچ رضا کارجاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے کارروائی کرتے ہوئے نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔وادی تیراہ کے علاقے سوخت میں شام چار بج کر بیس منٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ نامعلوم مسلح ملزمان نے گھات لگاکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں امن لشکر کے پانچ رضا کار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ملزمان واقعے کے بعد فرار ہوگئے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے خیبر ایجنسی میں امن لشکر پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور رضا کاروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں ضلع تربت کے علاقے بلیدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کی قریب دھماکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقے میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ ادھر ضلع آوران میں اغواء ہونے والے پولیس اہلکار کو بازیاب کرالیا گیا۔ اے ایس آئی خضدار کی تحصیل نال میں تعینات تھا۔ ضلع بولان سے تین روز قبل لاپتہ ہونے والے شخص کی نعش دشت سے برآمد ہوئی ہے۔ ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔ ادھر حب میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ قبضے میں لے لیا۔ جس میں 2 ایل ایم جی، ایک راکٹ لانچر، 26 ہینڈ گرنیڈ، 25 ہینڈ گرنیڈ ڈیٹونیٹر، ہزاروں راؤنڈ شامل ہیں۔ ادھر ایف سی اور حساس ادارے کی کوہلو کے علاقے میں کارروائی فراری کمانڈر کے گھر سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ حب کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی میں سنگین وارداتوں میں مطلوب 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تربت میں ایف سی نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور دیسی ساختہ بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا۔ کیچ کے علاقے مند میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن