• news
  • image

گوادر بندر گاہ کا افتتاح،چین کی دوستی کی لازوال مثال

وزیراعظم نواز شریف نے گوادر بندر گاہ کا باضابطہ افتتاح کرکے اسے فعال کر دیا ہے اور پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے کے تحت چین کا پہلا تجارتی جہاز گوادر بندر گاہ سے روانہ ہو گیا۔گوادر بندرگاہ سے برآمدات کا سلسلہ شروع ہوگیا اور اس کا افتتاح وزیر اعظم نوازشریف نے کیا گوادر بندر گاہ سے پہلے میگا پائلٹ ٹریڈ کارگوکی روانگی پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم نواز شریف ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری، چینی سفیر سن وی ڈونگ سمیت دیگر پاکستان اور چین سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات نے شرکت کی تقریب سے خطاب کے بعد وزیراعظم نے پہلے تجارتی قافلے کے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کیا جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پہلے تجارتی بحری جہاز کی روانگی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم اور آرمی چیف نے سامان لے کر جانے والے بحری جہاز کے عملے سے بھی ملاقات کی سی پیک منصوبے کے تحت 300 کنٹینرز پر مشتمل پہلا میگا پائلٹ ٹریڈ کارگو گوادر سے روانہ ہوا اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اس تاریخی دن سے خطاب کرنا میرے لئے باعث فخر ہے، وہ منصوبہ جو 2 سال پہلے شروع ہوا تھا آج حقیقت کا روپ دھار رہا ہے سی پیک منصوبہ ایک خطہ اور ایک سڑک وڑن کا آغاز ہے جب کہ گوادر اقتصادی راہداری منصوبے کے سر کا تاج ہے، سی پیک سے پاکستان تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائےگا اور گوارد بندر گاہ وسط ایشیائی ریاستوں سے ربط پیدا کرےگی۔ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے۔ سی پیک کے تحت صنعتی زون بھی بنیں گے جس سے سرمایہ کاری اور روز گار کے ہزاروں مواقع میسر آئینگے، سی پیک سے خطے کی بہت بڑی آبادی کو فائدہ پہنچے گا روزگار کے ہزاروں مواقع میسر آئینگے۔ اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے ایف ڈبلیو او کی محنت سے سڑکوں کا مربوط نظام قائم ہوا، سی پیک کیلئے سڑکوں کی تعمیر کے دوران ایف ڈبلیو او کے 40 اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی۔ تقریب سے چینی سفیر سن وی ڈونگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت اہمیت کا حامل ہے اور سی پیک کے تحت پہلے منصوبے کے افتتاح پر مبارکباد دیتا ہوں، یہ پہلا موقع ہے کہ تجارتی قافلہ پاکستان کے مغربی حصے سے داخل ہوا اور اس منصوبے پر ہم حکومت اور فوج کے مشکور ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ سی پیک کی کامیابی پر وزیراعظم نوازشریف کو مبارکباد دیتا ہوں اور چینی قافلے کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاک فوج نے سی پیک کی سیکیورٹی کیلئے الگ سیکیورٹی ڈویڑن بنا دیا جب کہ بلوچستان میں اب امن و امان بھی بہتر ہوگیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت گوادر پورٹ کی انتظامی ذمہ داریاں چین کے سپرد کردی گئی ہیں اور چین گوادر پورٹ کے ذریعے ہی اپنی درآمدات اور برآمدات کرےگا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس سے پاکستان سمیت پورے خطے کی قسمت بدل جائیگی پہلے تجارتی جہاز کی روانگی سے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستی کے عظیم سفرکا ایک نیا سنگ میل عبور کیاگیا جسکے باعث ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جس کا خواب 20 کروڑ پاکستانی عوام نے دیکھا تھا۔ سی پیک کے عظیم اور تاریخی منصوبے سے ہمارے دوست بے پناہ خوش ہیں لیکن دشمن کو ترقی و خوشحالی کے اس عظیم پیکیج پر بہت تکلیف ہے تاہم پاکستانی قوم اتحاد اور اتفاق کی قوت سے سی پیک کیخلاف دشمن کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیگی یہ عظیم منصوبہ نہ صرف چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے سفر کی عظیم شروعات ہے بلکہ ترقی اور خوشحالی کے طویل سفر کا نقطہ آغاز بھی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے صدرشی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور چینی عوام کو بھی تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے تجارتی بحری جہازوں کی روانگی پاک چین دوستی کی ایک اور زندہ و تابندہ مثال ہے، پاکستانی قوم اس ضمن میں چین کے تعاون کی شکرگزار ہے، پاکستان کے 20 کروڑ عوام چین کے صدر کی جانب سے چائنہ پاکستان اکنامک کو ریڈور کے عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ پاکستان اور چین کبھی نہ ختم ہونےوالے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے جبکہ گوادربندرگاہ سے تجارتی قافلوں کی روانگی نے اس بات پر ایک بار پھرمہرتصدیق ثبت کردی، چین نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کےلئے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج دیا ہے جس پر پوری قوم چینی قیادت اورعوام کی ممنون ہے اور ہماری آئندہ نسلیں بھی چین کی اس فراخ دلی، مشکل وقت میں ہاتھ تھامنے سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گی۔ چین پاکستان کا ایک ایسا مخلص اور بااعتماد دوست ہے جومصیبت کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، جنگ ہو یا امن، سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت ،چین نے ہمیشہ پاکستان کا سچے اورمخلص دوست کی طرح ساتھ نبھایا ہے، چین دل سے پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ چین نے پاکستان کیلئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیکیج دیا ہے اور 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے منصوبوں پر عملدر آمد سے تاریخ کا دھارا موڑ دیا ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن