پی پی پی نے ایم کیو ایم پاکستان کو سندھ حکومت میں شامل کرنے کی تیاری کرلی
مراد علی شاہ کی دبئی میں زرداری، بلاول سے ملاقات، کابینہ میں ردو بدل کی منظوری مل گئی: ذرائع
کراچی (وقائع نگار + صباح نیوز) پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کو سندھ حکومت میں شامل کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان رابطے شروع ہوگئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ میں ردوبدل کی منظوری پارٹی قیادت سے حاصل کرلی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے دبئی میں سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کے دوران صوبائی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی اور صوبائی کابینہ میں ردوبدل اور قلمدان تبدیل کرنے کے حوالے سے منظوری حاصل کی۔ ملاقات کے دوران پارٹی کی تنظیمی سطح پر مرحلہ وار تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔