رانا ثناء اللہ کو وزیراعلیٰ نے قتل کرنے کا لائسنس دے رکھا ہے: شیر علی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق میئر و سابق رکن قومی اسمبلی چودھری شیر علی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیرقانون و بلدیات رانا ثناء اللہ خاں کو وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے قتل کرنے کا لائسنس دے رکھا ہے۔ وزیر قانون برا وقت آنے پر شہباز شریف کے خلاف سلطانی گواہ بنیں گے۔ رانا ثناء اللہ شہباز شریف کو بہت پیارے ہیں۔ ، رانا ثناء اللہ نے بلدیاتی انتخابات کے دوران دھاندلی کروائی۔ گزشتہ روز مخصوص نشستوں پر بھی کمشنر، ڈی سی او، سی پی او اور آر پی او کے ساتھ مل کر دھاندلی کرواتے رہے۔ وزیر قانون قانون شکن ہیں رانا ثناء اللہ خاں پر پہلے 20 قتل کا الزام تھا اب انہوں نے سب انسپکٹر رانا عاطف اور سمن آباد کے آصف بٹ کو قتل کروا کے 22قتلوں کا ٹارگٹ پورا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ کشمیر ہاؤس میں کارکنوں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں میرے بیٹے عامر شیرعلی کو ہرایا گیا تھا اور اب مخصوص نشستوں کے الیکشن میں رانا ثناء اللہ نے حکومتی مشینری کا استعمال کر کے میرے بیٹے جیسے میرے پیارے کارکن ملک حاکمین اعوان کو ہرا دیا۔ میں اپنے بیٹے کی شکست کے موقع پر میاں محمد نوازشریف کی عزت اور پارٹی مفاد میں خاموش بیٹھا رہا تھا لیکن اب میرا صبر جواب دے گیا ہے خاموش نہیں رہ سکتا۔ رانا ثناء اللہ نے کمشنر، ڈی سی او، آر پی او اور سی پی او کے ذریعے چیئرمینوں کو سرکٹ ہاؤس میں فرداً فرداً بلا کر ہراساں کر کے ووٹ حاصل کئے ہیں۔ فیصل آباد میں مسلم لیگ(ن) کے شیر کا برا حال کر دیا گیا جس امیدوار کو انتخابی نشان شیر ملا اس شاہد بیگ ایڈووکیٹ نے محض 10ووٹ حاصل کئے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کے فنانسر ایم پی اے ملک محمد نواز اور شیخ یوسف میں دونوں ہی ملک نواز کا بھائی اور شیخ یوسف خود میئر کے امیدوار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیر کی کھال میں سے گدھا نکالنے کا وقت آ گیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) نے شہر میں 157 میں سے 71سیٹیں لی ہیں جن میں 45سیٹیں رانا افضل، خواجہ محمد اسلام اور طاہر جمیل ایم پی اے کی محنت سے ملی ہیں۔ میاں شہبازشریف پر اگر برا وقت آیا تو یہی رانا ثناء اللہ اس کے خلاف کھڑا ہو جائے گا اور وعدہ معاف گواہ بن جائے گا۔ میاں برادران یاد رکھیں فیصل آباد شہر کے ان پر بڑے احسانات ہیں وہ اس شہر کو قاتل وزیر کے حوالے نہ کریں۔