یوٹرن نہیں ہو گا‘ 27 دسمبر تک حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ’’گو نواز گو‘‘ تحریک چلائیں گے: بلاول
لاہور (خبرنگار + نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 4 نکات پر کوئی یوٹرن نہیں ہو گا، چار نکات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر حکومت نے 27 دسمبر تک ہمارے 4 نکات نہ مانے تو پھر ’’گو نثار گو‘‘ نہیں بلکہ ’’گو نواز گو‘‘ ہو گا۔ وہ لاہور میں پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ندیم افضل چن، علی بدر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی تنظیم پر فیصلے کرلئے ہیں۔ اس حوالے سے اعلان کرنے والے ہیں، سب کو دکھا دیں گے کہ پیپلزپارٹی کل بھی زندہ تھی اور آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر کی موت پارٹی کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ پارٹی کے لوگ جہانگیر بدر کی خدمات کو نہیں بھولے۔ جہانگیر بدر سڑک پر چلنے والا وہ جیالا تھا جس نے پارٹی کیلئے جو کام کیا وہ پارٹی کی قیادت اور پارٹی کبھی نہیں بھلا سکتی۔ یہ پی پی کا کمال ہے جہانگیر بدر جیسا کارکن پارٹی کا سیکرٹری جنرل بنا۔ جہانگیر بدر کا کام اب ہم سب کو مل کر کرنا ہے، ہم سب مل کر محنت کریں گے تو الیکشن جیتیں گے اور پورے پنجاب میں مثبت پیغام جائے گا۔ پارٹی کی تشکیل نو کا کام جلدی کر لیں گے۔ بہت جلد پی پی پنجاب کی تنظیم کا اعلان کروںگا۔ لاہور میں دوبارہ الیکشن جیتیں گے۔