امینہ طیب اردگان کی محمودہ ممنون‘ کلثوم نواز مریم سے ملاقاتیں، فیصل مسجد کا دورہ، ترک خاتون اول نے معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کیں
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ وقائع نگار+ خصوصی نمائندہ) صدر مملکت کی اہلیہ محمودہ ممنون حسین اور امینہ رجب طیب اردگان نے گزشتہ روز ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں محمودہ ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی تعلقات ہیں دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں پاکستان اور ترکی کئی مسائل پر یکساں موقف ہے پاکستان میں سیلاب کے دوران ترک خاتون اول کی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ امینہ طیب رجب اردوان نے گزشتہ روز ہلال احمر سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ترکی دونوں برادر اسلامی ملک ہونے کے ناطے بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ اِس موقع پر خاتونِ اوّل کی جانب سے معذور افراد میں 20الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ خاتونِ اوّل کی جانب سے پاکستان ریڈکریسنٹ کو 10انکوبیٹرز بھی فراہم کیے گئے۔ ڈاکٹر سعید الٰہی نے خاتونِ اوّل محترمہ امینہ طیب رجب اردوان کو سونیئر پیش کیا۔ امینہ اردگان نے فیصل مسجد کا دورہ بھی کیا۔ مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ترک خاتون اول کو فیصل مسجد کی تعمیر اور تاریخ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ترک خاتون اول نے فیصل مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مختلف رسم الخط میں لکھی گئی قرآنی آیات اور نا در نسخوں میں خصوصی دلچسپی لی۔ ترک خاتون اول امینہ ایردوان نے وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز، بیٹی مریم نواز سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک خاتون اول نے پاکستان میں شاندار استقبال اور بھرپور مہمان نوازی پر پاکستان کی خاتون اول کلثوم نواز اور مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔