• news

محمود اچکزئی کا سینے پر ہاتھ رکھ کر جنرل راحیل شریف کو سلام

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل متعدد ارکان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ہاتھ ملایا لیکن پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے مصافحہ کرنے کی بجائے اپنی نشست سے کھڑے ہوکر اپنے سینے پر ہاتھ رکھ کر آرمی چیف کو سلام کہا۔ اجلاس کے اختتام پر نوائے وقت نے استفسار کیا کہ آپ نے دور دور سے ہی آرمی چیف کو سلام کہا تو انہوں نے کہا کہ سیاست راجہ ظفر الحق اور ملک کا دفاع فوج کے حوالے ہونا چاہیے مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین نے جب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو سپیکرگیلری میں بیٹھے ہوئے دیکھا تو وہ اپنی نشست سے اٹھ کر ان سے ہاتھ ملانے کیلئے جانے لگے تو ان کا سامنا پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ہوا تو مشاہد حسین نے اپنے مخصوص انداز میں کہ اچکزئی سے کہا آج بڑی خوشی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آرمی چیف سمیت دیگر سروسز چیف بھی آئے ہوئے ہیں۔ جب مشاہد حسین آرمی چیف کے پاس پہنچے اورا ن سے ہاتھ ملایا تو کہا کہ آج آپ کو پارلیمنٹ مہمانوں کی گیلری میں بیٹھا دیکھ کر محمود اچکزئی بھی بہت خوش ہوئے ہیں جس پر آرمی چیف بھی مسکرا دئیے تاہم محمود اچکزئی نے اپنی نشست سے اٹھ کر آرمی چیف سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

ای پیپر-دی نیشن