• news

سندھ میں شراب خانو کو کیسے لائسنس دیا گیا ,آئین قانونی کاروبار کیاجازت دیتا ہے :سپریم کورٹ

کراچی(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے سندھ میں شراب خانے بند کرنے سے متعلق کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ آئین قانونی کاروبار کرنے کی اجازت دیتا ہے۔جمعرات کو سندھ میں شراب خانے بند کرنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کافیصلہ معطل کیاتاہم بنچ کے ایک رکن جسٹس منظورملک کی طرف سے فیصلے سے اختلاف پرعدالت نے معطلی کاحکم واپس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل اورفریقین کونوٹسز جاری کردئیے۔ سندھ ہائی کورٹ نے سندھ میں لائسنس شدہ شراب خانوں میں شراب کی فروخت پر پابندی لگائی تھی،ا س پر شراب تیار اور فروخت کرنے والوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ دوران سماعت جسٹس ثاقب نثار نے سوال کیا کہ شراب خانوں کو کس قانون کے تحت لائسنس دیا گیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل شاہد حامد نے کہا شراب کے لائسنسز آئین کے آرٹیکل 17 حدود آرڈر کے تحت لیے گئے ۔ملک کی 93 فیصد ہندوآبادی سندھ میں رہتی ہے، شراب خانوں کے لائسنس منسوخ نہیں کیے جانے چاہئیں۔عدالت کے استفسار پرانہوں نے بتایا شراب خود بھی بنائی جاتی ہے اور باہر سے بھی منگوائی جاتی ہے۔اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل اٹھارہ قانونی کاروبار کی اجازت دیتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن