جولائی تاستمبر :بجٹ میں 33 فیصد اضافہ مجموعی اخراجات 13 کھرب روپے سے تجاوز کر گئے
لاہور (کامرس رپورٹر) 2016-17 کی پہلی سہ ماہی (جولائی سے ستمبر)کے دوران پاکستان کے بجٹ خسارہ میں 33 فیصد اضافہ ہوا جو 437 ارب 90 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیاہے گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کا خسارہ 328 ارب روپے تھا۔ وفاقی وزارت خزانہ کے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران حکومت کی مجموعی آمدنی 8 کھرب 62 ارب 24 کروڑ روپے رہی جو گزشتہ سال سے 8 فیصد کم ہے گزشتہ سال اس عرصے کی مجموعی آمدنی 9 کھرب 37 ارب روپے تھی۔ اس دوران مجموعی اخراجات 13 کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں جو پہلے سے 3 فیصد زیادہ ہیں گزشتہ سال کے تین ماہ کے اخراجات 12 کھرب 65 ارب روپے تھے۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال میں حکومت کو ٹیکسوں سے 739 ارب 15 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی جو صرف صرف دو فیصد زیادہ ہے اس دوران نان ٹیکس ریونیو 123 ارب 9 کروڑ روپے رہاجو پہلے سے 42 فیصد کم ہے۔