• news

قمر کائرہ پی پی سنٹرل پنجاب کے صدر‘ ندیم افضل چن جنرل سیکرٹری مقرر

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قمر زمان کائرہ کو پیپلز پارٹی پنجاب وسطی کا صدر اور ندیم افضل چن کو جنرل سیکرٹری، مصطفی نوازکھوکھر کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا ہے۔ انہوں نے فیصلے کا اعلان پیپلز پارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت میں کیا جس میں سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، چودھری منظور، رانا فاروق خان، ندیم اصغر کائرہ و دیگر شریک تھے۔ علاوہ ازیں قمر زمان کائرہ نے بلاول بھٹو کے فیصلے پر ان سے اظہار تشکر کیا ہے کہ انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو جمہوری انداز میں پارٹی کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ مشکل وقت آتے رہتے ہیں لیکن روایت ختم نہیں ہوتی۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بی بی سی کو بتایا کہ پنجاب میں پارٹی کی نئی قیادت مقرر کرنے کا مقصد صوبے میں پارٹی کو مضبوط بنانا ہے تاکہ پارٹی پنجاب کی سیاست میں دوبارہ سرگرم ہو سکے۔ نئی قیادت مقرر کرنے کا فیصلہ قمر زمان کائرہ سمیت دیگر عہدیداروں کی اچھی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے پنجاب کے نئے پارٹی قائدین کے لئے اہداف واضح کر دئیے ہیں جس کے بعد اْن کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن