• news

پاکستان عالمی طور پر دہشتگردی سے انتہائی متاثرہ 5 ممالک میں شامل: امریکی رپورٹ

نیویارک (آن لائن) امریکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں دہشت گردی سے انتہائی متاثرہ 5 ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے جن میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے۔امریکی ادارے گلوبل ٹیررازم انڈیکس (جی ٹی آئی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عالمی طور پر دہشت گردی سے متاثرہ 5 ممالک میں عراق پہلے، افغانستان دوسرے، نائیجریا تیسرے، پاکستان چوتھے اور شام پانچویں نمبر پر موجود ہے جب کہ ان ممالک میں دہشت گردی کے نتیجے میں عالمی سطح پر مجموعی طور پر72 فیصد اموات رونما ہوئیں اور اموات کے لحاظ سے دہشت گردی کے شکار یہ 5 ممالک پہلی صف میں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2014 کے مقابلے میں 2015 میں 8 فیصد کم دہشت گردی ہوئی جس سے 2014 کی نسبت 2015 میں دہشت گردی کے نتیجے میں 677 کم ہلاکتیں ہوئیں لیکن اس کے باوجود 2015 میں پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ 5 ممالک میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2015 میں دہشت گردی کے 1008 واقعات ہوئے جس کے نتیجے میں 1086 افراد ہلاک اور 1337 زخمی ہوئے جب کہ 311 عمارتوں یا انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ 2015 میں دہشت گردی کا سب سے بڑا واقعہ صوبہ سندھ میں مذہبی اجتماع گاہ میں ہوا جس میں 62 افراد ہلاک ہوئے جب کہ دہشت گردی کے واقعات میں پولیس پر سب سے زیادہ حملے کیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن