• news

فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیئرمین، ارکان کی تعیناتی، وفاقی حکومت کو 10روز کی مہلت

اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز) سپریم کورٹ نے فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیئرمین و ممبران کی عدالتی فیصلے کی روشنی میں تعیناتیوں کیلئے 10 روزکی مہلت دیدی ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل، جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس مشیر عالم اور جسٹس اعجاز الحق پر مشتمل پانچ رکنی بنچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل شعیب شاہین نے چاروں صوبوں کی قواعد و ضوابط اور رولز کار چارج شیٹ عدالت میں جمع کرا دیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت سے کہا کہ نظر ثانی کی اپیل زیر التوا ہے۔ عدالت اس کو بھی اس کیس کے ساتھ سنے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے استفسار کیا کہ آپ کی نظر ثانی کی ا پیل خارج ہو چکی ہے۔ آپ نے کوئی متفرق درخواست دائر کی ہو گی۔ اگر آپ نے کی ہے تو پھر بتائیں اگر نہیں کی تو عدالت اس کو الگ سے سنے گی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ نے کہا کہ درخواست دائر کر دی گئی ہے لیکن نمبر نہیں لگا۔ اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں اس حوالے سے 15 دن کا ٹائم دیں اس دوران ہم اپنے رولز بنا کر اور وفاق سے مشاورت کے بعد ساری تفصیلات جمع کرا دیں گے۔ اٹارنی جنرل نے چیئرمین اور گیارہ ارکان کے تقرری کی یقین دہانی کرا دی۔

ای پیپر-دی نیشن