• news

حکومت نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کھیلنے کی اجازت دیدی

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) حکومت نے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو اگلے ماہ بھارت میں منعقد ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ذریعے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا کہ پاکستان جونیئر ٹیم کی جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط تھی اور ہمیں یقین تھا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایونٹ میں شرکت کے لیے حکومت قومی جونیئر ٹیم کو اجازت دیدے گی۔ 8 سے 18 دسمبر تک منعقد ہونے والے ایونٹ کی تیاری کے لیے قومی جونیئر ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں کوچ طاہر زمان کی زیر نگرانی جاری ہے۔ جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گیا ہے۔ اس سے قبل کھلاڑیوں میں تحفظات پائے جا رہے تھے کہ پتہ نہیں قومی ٹیم نے بھارت میں منعقد ہونے والے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرنی بھی ہے کہ نہیں۔ اب پوری توجہ کے ساتھ کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی تاکہ ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں پاکستان جونیئر ٹیم نے ملائیشیا میں منعقد ہونے والے سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ حکومت کے مشکور ہیں کہ ہمیں بھارت میں منعقد ہونے والے جونیئر ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت دیدی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن