• news

انڈر 12 بیس بال چیمپئن شپ‘ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس)نویں بی ایف اے انڈر 12 بیس بال چیمپئن شپ کے لئے قومی انڈر 12بیس بال ٹیم کا تربیتی کیمپ عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم میں جاری ہے۔پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید خاور شاہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کیمپ میں 21کھلاڑی شریک ہیں جن کا انتخاب حال ہی میں ہونے والی نیشنل انڈر 12 بیس بال چیمپئن شپ کے دوران کیا گیا ہے اور ان میں سے پندرہ حتمی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔چیمپئن شپ 7 سے 13 دسمبر تک چین میں کھیلی جا ئے گی۔انہوں نے کہاکہ 13واں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ پاکستان میں منعقد ہوگا ٹورنامنٹ میں افغانستان، بھارت، ایران، ایراق، نیپال سر ی لنکا اور پاکستان کی بیس بال ٹیمیں شرکت کریں گی۔ٹورنامنٹ کوپہلے اسلام آباد میں منعقد کروانے کا ارادہ تھا لیکن لاہور کے سپانسر زسے بات چیت چل رہی ہے اور اگر انہوں نےایونٹ کو سپانسر کی حامی بھر لی تو چیمپن شپ بحریہ ٹاﺅن میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید خاور شاہ نے کہا ہے کہ نویں بی ایف اے انڈر 12 بیس بال چیمپئن شپ کے لئے قومی انڈر 12بیس بال ٹیم کی تیاریاں لاہور میں زور و شور سے جاری ہیں اور انشاءاللہ ٹیم چیمپئن شپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے مثبت نتائج حاصل کرے گی کیمپ میں صبح شام ٹریننگ ہورہی ہے۔کیمپ میں کھلاڑیوں کی دی جانے والے سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان بیس بال فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید اور میں خود کیمپ کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہتے ہیں۔ فیڈریشن کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے باجود کھلاڑیوں کو کیمپ میں معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ٹریننگ کے دوران ہمارا اصل مقصد کھلاڑیوں کے دفاع کو مضبوط کرنا ہے کیونکہ دفاع ہی بیس بال کا ایک اہم شعبہ ہے جس کو مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ جبکہ بیٹنگ اور پچنگ کے شعبے کو اگر ہم دیکھیں تو وہ پچھلی ایشین چیمپئن شپ جوکہ 2012میں منعقد ہوئی تھی اس کے مقابلے میں بہت بہتر ہے جس کا عملی مظاہرہ ہمارے کھلاڑیوں نے گذشتہ سال کھیلی جانے والی ایشین گیمز 2014جنوبی کوریا میں بخوبی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن