چیف آف ائر سٹاف کبڈی چیمپئن شپ‘ پنجاب کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن نے رواں ماہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی چیف آف ائر سٹاف کبڈی چیمپئن شپ کے لیے 16 رکنی پنجاب کبڈی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ عابد سندھو ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینگے جبکہ بن یامین ٹیم کے نائب کپتان ہونگے۔ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پنجاب ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائل منعقد ہوئے۔ تین رکنی سلیکشن کمیٹی جس میں سیکرٹری پنجاب کبڈی چوہدری اعجاز، خواجہ اختر عباس، جاوید بھٹہ اور عبدالغفار گجر نے ٹرائلز کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔ کھلاڑیوں میں عابد سندھو (کپتان)، بن یامین، محمد عثمان، محمد فنان، امان اﷲ، سحر علی، محمد افضال، آفتاب احمد، رفاقت، بلال، علی رضا، محمد وقاص، علی حمزہ، مدثر، ذوالفقار علی، ذیشان، بابر، محمد رحمان اور عرفان شامل ہیں۔ سیکرٹری پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن چوہدری اعجاز کا کہنا تھا کہ پنجاب ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے باٹا پور گراونڈ میں شروع ہوگا جبکہ پنجاب کی ٹیم 27 نومبر کو لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگی۔ پنجاب ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیت کر واپس آئیں۔ایک روزہ ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شریک ہو کر ثابت کیا ہے کہ پنجاب میں کبڈی کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ہمارے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔