نوازشریف پر نامہ لیکس کے الزامات درست، ان کی وجہ سے ملک کے لئے خطرات بڑھ رہے ہیں: خورشید شاہ
لاہور+ سکھر (خبرنگار+ ایجنسیاں) پیپلز پارٹی نے پانامہ لیکس کے معاملہ پر الیکشن کمشن میں اپنی پٹیشن کو مؤخر کئے جانے کی وجہ سے سپریم کورٹ میں وزیراعظم کیخلاف پانامہ لیکس کے معاملہ پر پٹیشن دائر کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ لطیف کھوسہ، اعتزاز احسن نے اس معاملے پر بلاول بھٹو کو بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو کو بتایا گیا کہ تحریک انصاف کی طرف سے پانامہ لیکس پر کمزور وکالت کی وجہ سے ضروری ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کرے۔ یاد رہے پانامہ لیکس پر الیکشن کمیشن میں پٹیشن لے جانے کیلئے سردار لطیف کھوسہ، چودھری اعتزاز احسن، فاروق ایچ نائیک اور نیئر بخاری جیسے سینئر وکلا پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی بنائی گئی تھی۔ بلاول بھٹو کو مجوزہ 24 ویں ترمیم اور اسکے ’’مقاصد‘‘ کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اب پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات میں سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا حتمی فیصلہ کریں گے تاہم ذرائع کے مطابق بنیادی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ دریں اثناء پنجاب میں پارٹی کی تنظیم نو کیلئے بلاول بھٹو نے لاہور میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ منگل سے بلاول ہاؤس لاہور میں سنٹرل پنجاب کے 26 اضلاع میں تنظیم سازی کیلئے کوآرڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے دیئے گئے ہر ضلع کیلئے صدر اور سیکرٹری کے تین تین خواہشمندوں سے ملاقات کرکے ان 26 اضلاع کے صدور اور سیکرٹری کا تقرر کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری 30 نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میں موجود رہیں گے اور اس تقریب میں جو بلاول ہاؤس میں ہوگی، شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز مشاورت میں کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پھر حکمرانوں کے خلاف میدان میں آئیں گے اور حکمران پھر عوامی احتساب سے بچ نہیں سکیں گے۔ علاوہ ازیں جنوبی پنجاب کے عہدیداروں نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ بلاول نے کہا کہ حکومت کے پاس مطالبات ماننے کیلئے ابھی وقت ہے، 27 دسمبر کے بعد مہلت نہیں ملے گی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے بچوں کی شہادت پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ادھر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف پر پانامہ لیکس کے الزامات درست ہیں۔ وہ خود کو بچانے کیلئے قطر کے شہزادے کے بیان کا سہارا لے رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی دوسری جماعتوں کی طرح اپنے کارکنوں کو سڑکوں پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا نوازشریف پر پانامہ لیکس کے لگنے والے الزام درست ہیں، مختلف بیانوں سے بھی نظر آرہا ہے۔ وہ دلدل میں پھنس گئے ہیں جہاں سے نکلنا مشکل ہے۔ نوازشریف نے الیکشن سے پہلے عوام سے جتنے وعدے کئے ایک بھی وفا نہ ہوا۔ ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات ہیں، نوازشریف کے وزیراعظم ہوتے ہوئے یہ خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت کی حامی رہی ہے، ہم پر فرینڈلی اپوزیشن کے الزام غلط ہیں۔ تحریک انصاف کی سپریم کورٹ میں تیاری نہیں، پہلے ہی کہا تھا میرا بھائی نوازشریف کو مضبوط کریگا، ہمیں پتہ تھا یہ کچھ نہیں کر سکیں گے۔ مودی ہمارے کشمیری بچوں کا قاتل ہے، مودی کو گلے لگا کر عوام کو کیا پیغام دیتے ہو؟