دنیا بھر میں بچوں کا دن آج منایا جائیگا
لاہور (رپورٹ: رفیعہ ناہیداکرام) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج (20 نومبر) کوبچوںکاعالمی دن جوش وخروش سے منایاجارہاہے اس دن کومنانے کامقصد عوام الناس کی توجہ بچوںکے مسائل ، استحصال،مظالم،تحفظ اورحقوق کی طرف مبذول کرواناہے ۔ بدقسمتی سے پاکستان میں ہرسال’’عالمی یوم اطفال‘‘ کی تقاریب میں بچوںکے مسائل اورتحفظ کے خوشنمااعلانات کے علاوہ کوئی قابل ذکراقدامات نہیں کئے گئے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں تاحال چائلڈپروٹیکشن پالیسی بھی تشکیل نہیں دی جاسکی۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت میں بھی بچوںکے عالمی دن کے حوالے سے تقریبات دوتین روزقبل ہی شروع ہوگئیں۔ گزشتہ روز نیشنل سوسائٹی برائے ذہنی وجذباتی معذوراطفال کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیربرائے خصوصی تعلیم پنجاب آصف سعید منہیس نے کہاکہ جھگیوںمیں مقیم بچے اور خصوصی بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں انہیں مناسب مواقع اورسہولیات فراہم کرکے معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جا سکتا ہے ۔ اس موقع پرڈاکٹرخالدہ ترین، پرنسپل زرینہ فرخ، ایگزیکٹو ممبران، والدین ودیگر موجود تھے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے زیرِاہتمام سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں کمپلیکس کے مکینوں بالخصوص گہوارہ، نشیمن اوردارلفلاح کے بے سہارا بچوں کے لیے رنگا رنگ میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر وحید اختر انصاری ،سوشل ویلفیئر ایڈوائزری کمیٹی کے سنئیر ممبران کے علاوہ اہل علاقہ بالخصوص بچوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔ لاہور پریس کلب اور دی میڈیا فائونڈیشن کی جانب سے بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے چاچا رفیق میر پارک میں رنگا رنگ " کڈز میلہ" کا انعقاد کیا گیا۔