دہشت گردی پر قابو پالیا کچھ خطرات باقی ہیں:کمانڈر پشاور
پشاور (آئی این پی+صباح نیوز) کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن نے کہا ہے دہشت گردی پر قابو پالیا ہے مگر کچھ خطرات باقی ہیں، بارڈر مینجمنٹ کا تحفظ ایف سی کریگی۔ ہفتہ کو کرنل شیرخان سٹیڈیم میں منعقدہ 53 ویں ہفتہ فرنٹیئر کور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بارڈر کے ساتھ ایسی جگہیں ہیں جہاں دہشت گرد پنپ رہے ہیں۔ دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے ایف سی کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا خیبرپی کے میں ایف سی کا دوسرا ہیڈ کوارٹر قائم کیا جائے گا۔ ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں ملک کے اندر دہشت گردی کے ٹھکانے ختم ہوچکے ہیں۔ ایف سی کے جوان مشکل صورتحال میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فرنٹیئر کور کے مزید ونگز بن رہے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں میں ملوث کئی گروہوں کو پس پردہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا تعاون حاصل ہے۔ سکیورٹی اداروں نے اس معاملے سے متعلق وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی نے وفاقی حکومت کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ملک کے مختلف مقامات پرحالیہ دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کے دوران سکیورٹی اداروں کو اس بات کے واضح اشارے ملے ہیں کہ ان واقعات میں ملوث تنظیموں کو افغانستان میں موجود کئی دہشت گرد گروپس کا بلاواسطہ یابلواسطہ تعاون حاصل ہے اوراس بات کے بھی اشارے ملے ہیں کہ انہیں ’’را‘‘ کی مدد حاصل ہے۔ تاہم امریکی اور افغان حکومتوں نے پاکستان کو دوبارہ یقین دہانی کرائی ہے افغانستان میں موجود ان تمام دہشت گرد گروپس اور تنظیموں کے خلاف مزیدآپریشنز کئے جائیں گے جو پاکستان میں براہ راست یاپس پردہ بدامنی پھیلانے میں ملوث ہیں، تینوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدام کریں گے۔