aمعلومات تک رسائی کا قانون لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ناکافی سزاوں اور معلومات کی عدم فراہمی پر قانون کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت معلومات کی فراہمی کے قانون میں سزائیں بڑھانے اور اسے موثر بنانے کے حوالے سے ترامیم کرنے کے احکامات صادر کرے۔ اس قانون کے ذریعے حکمرانوں کی کرپشن چھپائی جا رہی ہے۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ معلومات کی فراہمی شہریوں کا آئینی اور بنیادی حق ہے لیکن پنجاب میں یہ قانون معلومات کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہوا ہے، اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے دو یوم کی تنخواہ قرق کرنے یا پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزاء ناکافی ہونے کی بناء پر قانون کا موثر اطلاق ممکن نہیں ہو سکا۔ آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود درخواست گزار کو اورنج ٹرین منصوبے کی لاگت، معاہدوں، قرضوں اور کنٹریکٹرز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ پنجاب میں معلومات تک رسائی کا قانون غیرآئینی قرار دیا جائے اور درخواست گزار کو اورنج ٹرین منصوبے سے متعلق تمام معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔