سرتاج عزیز کی آرچ بشپ کنٹربری سے ملاقات، اقلیتوں کی سلامتی کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے دفتر خارجہ میں کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبے سے ملاقات کی ۔انہوں نے آرچ بشپ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ملکی ترقی کیلئے پاکستان کی مسیحی برادری کے اہم کردار پر روشنی ڈالی انہوں نے پاکستان اور خطے کے تاریخی اور حالیہ پہلوئوں پر بات کی ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سرتاج عزیز نے انسداد دہشت گردی کی موثر مہم سمیت معیشت کی بحالی اور پاکستان کے جمہوری اداروں کی مضبوطی کے حوالے سے ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ مشیر خارجہ نے آرچ بشپ کو حکومت کی طرف سے مذہبی اقلیتوں کی فلاح اور سلامتی کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کیلئے متعدد مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں ، ملازمتوں کیلئے اقلیتوں کا کوٹہ بڑھا کر 5 فیصد کردیا گیا ہے۔ اقلیتوں خاص طور پر مسیحی برادری کی ملک کی تعمیر و ترقی کی سرگرمیوں میں خدمات اطمینان بخش اور قابل تحسین ہیں۔ اس موقع پر دنیا بھر میں مذہب کی بنیاد پر تشدد کے اسباب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے مذہبی رہنمائوں کا کردار اہم ہے۔ آرچ بشپ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور تسلیم کیا ۔ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں امن و ترقی کے مقاصد کے حصول کیلئے وسیع پیمانے پر بین المذاہب بات چیت کا سلسلہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔