• news

مہنگائی میں اضافہ جاری، پچھلے ہفتے افراط زر کی شرح 0.11فیصد بڑھی: ادارہ شماریات

کراچی(این این آئی)مہنگائی کی شرح میں اضافے کا تسلسل جاری گزشتہ ہفتے کے دوران کم آمدنی والے طبقہ کیلئے افرط زر کی شرح میں 0.11فیصد بڑھ گئی جبکہ8 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والوں کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی)212.24 پوائنٹس سے بڑھ کر 212.47 پوائنٹس ہوگیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات(ایف بی ایس)کے اعداد و شمار کے مطابق 17 نومبر کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے ایس پی آئی 220.70 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق 8001 روپے سے 12000روپے، 12001روپے سے 18000روپے، 18001روپے سے 35000روپے اور اس سے زائد آمدنی کے حامل مختلف گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.10 ، 0.11، 0.11 اور 0.12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مذکورہ ہفتے کے دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 10 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 32 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اے پی پی کے مطابق پاکستان بیورو آف شماریات نے گزشتہ مالی سال کیلئے زیادہ سے زیادہ درآمدات کے حامل 10ممالک کی فہرست جاری کر دی ہے۔ چین 12ارب 10کروڑ 53لاکھ ڈالر کے ساتھ پہلے اور ملائشیا92کروڑ 54لاکھ ڈالر کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہے۔ بیورو کے ذریعے کے مطابق سال 2015-16ء کے دوران متحدہ عرب امارت سے 5ارب 49کروڑ 35لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ سعودی عرب سے 2ارب 27کروڑ 58لاکھ ڈالر، انڈونیشیا سے 2ارب 13کروڑ 63لاکھ ڈالر ، جاپان سے ایک ارب 82کروڑ 56لاکھ ڈالر ، بھارت سے ایک ارب 78کروڑ 25لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ امریکہ سے ایک ارب 77کروڑ 79لاکھ ڈالر ، جرمنی سے 93کروڑ 62لاکھ ڈالر اور ملائشیا سے 92کروڑ 54لاکھ ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن