• news

خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا: قائم مقام گورنر بلوچستان

کوئٹہ(بیورو رپورٹ) قائم مقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ موجودہ روایتی صورتحال کی تبدیلی اور خواتین کے فعال کردار کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں مکمل معاشی برابری اور آسودگی حاصل ہو کیونکہ معاشی خودانحصاری کی منزل پر پہنچ کر ہی خواتین اپنے بقیہ حقوق کی پاسداری کو ازخود محفوظ بناسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز عورت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب اس خصوی بیداری مہم کا حصہ ہے جس کا آغاز 25 نومبر کو ہوگا اور 10 دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس 16 روزہ بیداری مہم کے دوران عورتوں کے حقوق کی پاسداری اور عوام میں اجتماعی احساس اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر نے کہا کہ عورت کو مختلف رشتوں اور حصوں میں تقسیم کرنا اس کے وجود اور کردار کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمیں عورت کو اپنے جیسا انسان تصور کرنا ہوگا تب ہی معاشرے کی ترقی میں عورت کوکا کردار اہم ہوگا اور سیاست وترقی کا یک رخ سفر بھی ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا نصف سے زیادہ حصہ ہے لہٰذا انکی شرکت اور شمولیت کے بغیر کوئی سیاسی اور ترقیاتی عمل نتیجہ خیز نہیں بن سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن