مسلح افواج پاک سرزمین کی حفاظت کرنا جانتی‘ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار) وفاقی وزیر پانی، بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک چین راہداری کی تکمیل کے بعد ملک سے ناصرف لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہونگے بلکہ ملک سے دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہوگا ،معاشی اور دفاعی آزادی ہوگی اور آج بھی ہماری قوم ناقابل تسخیر ہے،دہشت گردی کے خلاف ہماری پاک افواج نے فتح پائی ہے اورہماری بہادرافواج اپنی سرزمین کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے ۔ پی ٹی آئی کے وکیل کے پانامہ کیس لڑنے سے انکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ مخالفین کے وکیل بھاگ گئے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ روزانہ ہماری وکٹ اڑانے کی خبریں چلاتا ہے۔ عزت اللہ دیتا ہے۔ پی ٹی آئی والے جھوٹ بولتے ہیںاور ان کو شرم بھی نہیں آتی ۔ عمران خاں نے چار دن اپنے کارکنوں کو مار کھلائی اور اپنے گھر سے نہیں نکلا۔انہوں نے کہاکہ عمران خاں سے بڑا مفت بار کوئی نہیں۔ انہوں نے سیاسی ورکرز اپنے نظرئیے کیلئے ہر مشکل اور صعوبتیں برداشت کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف عدلیہ کی آزادی کیلئے نکلے اور ہمارا کارواں گوجرانوالہ پہنچا تھا کہ اعتزاز احسن بھی ہمارے ساتھ ہو لئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی چیئرمین توحید اختر کی جانب سے پیرس روڈ پر دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنیٹر پروفیسر ساجد میر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی، ، چوہدری محمد اکرام، چوہدری ارشد وڑائچ،محسن اشرف، منور گل، رانا لیاقت علی، محمد منشاء اللہ بٹ،ایم ایل اے چوہدری اسحاق، صدر ایوان صنعت تجارت سیالکوٹ ماجدرضابھٹہ، ضلعی صدرپی ایم ایل این ادریس باجوہ اور جنرل سیکری شجاعت علی پاشا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ جنرل الیکشن میں ضلع سیالکوٹ مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے 100فیصد کامیابی حاصل کی بلدیاتی ، کنٹونمنٹ اور آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن جیتے یہ سب اللہ کا فضل تھا۔ انہوںنے کہاکہ مشرف کے تکبر کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ رسی جل گئی ہے مگر بل نہیں گیا اور وہ آج بھی کہہ رہا ہے میں کوئی معمولی آدمی نہیں ہوں۔ انہوں نے کہاکہ جو انسان اللہ کو بھول جاتا ہے وہ اللہ کی جانب سے دیئے گئے مرتبوں کی عزت بھی گنوا دیتا ہے۔ اگلے ہفتے میں موٹر وے کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گاجبکہ آرمی کے انتظام میں نسٹ انجینئرنگ یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام جلد عمل میں آرہا ہے اور اگلے ستمبر میں سے کلاسز کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میری لئے اپنے مذہب اور ایمان کے بعد میری سب سے بڑی وفاداری میری پارٹی کے ساتھ ہے۔