• news

پاناما لیکس پر جمہوری احتساب چاہتے ہیں‘ شریف برادران کو بھاگنے نہیں دینگے : بلاول

لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گزشتہ روز حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے عرس کے موقع پر مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ان کے 4 نکات نہ مانے تو وہ 27 دسمبر کے بعد احتجاجی تحریک شروع کریں گے اور آج وہ اسی تحریک کی کامیابی کیلئے دعائیں مانگنے داتا دربار آئے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ ہم پانامہ کیس میں جمہوری احتساب چاہتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی میں حکومت کی ناکامی پر بھی احتساب ہونا چاہئے۔ موثر خارجہ پالیسی اور فعال وزیر خارجہ چاہتے ہیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر گو نواز گو تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار مستعفی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپنی سیاسی سرگرمیاں بڑھا رہے ہیں۔ عمران کے بارے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ چاچا کیلئے بھی دعا کروں گا۔ بلاول نے لائن آف کنٹرول، ورکنگ باﺅنڈری پر بھارت کی مسلسل جارحیت پر مشیر خارجہ کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دیا اور احتساب کا مطالبہ بھی کیا۔ ٹی وی کے مطابق بلاول نے کہا کہ ہمارے بچے شہید ہو رہے ہیں نواز شریف خاموش ہیں۔ بلاول نے گزشتہ روز بلاول ہاﺅس میں پارٹی کے مختلف رہنماﺅں سے ملاقات کی۔ انہوں نے 30 نومبر کو پارٹی کا یوم تاسیس اور 5 روزہ پارٹی کنونشن بلاول ہاﺅس لاہور میں کرانے کا اعلان بھی کیا۔ اس کنونشن میں ملک بھر سے پارٹی رہنما، عہدیدار اور کارکن شریک ہوں گے۔ بلاول یوم تاسیس تک لاہور میں ہی قیام کریں گے۔ انہوں نے پارٹی رہنماﺅں سے کہا کہ 27 دسمبر کے بعد شروع ہونیوالی گو نواز گو تحریک کی تیاری کریں۔ شریف برادران احتساب سے بھاگ رہے ہیں مگر ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کو ہر صورت پانامہ لیکس کا حساب دینا پڑے گا۔
لندن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے جلد وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عنقریب آپ سے پاکستان میں ملوں گا، عمران انوکھے لاڈلے ہیں جو کھیلن کو چاندنی مانگ رہے ہیں، کراچی میں کچرے کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کو جلد خوشخبر ی ملے گی، وزیراعلی نے رپورٹ دی ہے چین کی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے، انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا وہ جلا وطن نہیں ہیں، جب ان سے پوچھا گیا کہ عنقریب کا مطلب کچھ دن ہے یا کچھ ہفتے، اس پر انہوں نے کہا کہ کچھ ہفتے۔ اس سوال پر کہ عمران اعتزاز احسن کی تعریف اور آپ پر تنقید کرتے ہیں، اس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاندنی، چاندنی کا مطلب ہے پرائم منسٹر شپ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاناما کا معاملہ سپریم کورٹ لے کر گئے ہیں اور اگر سپریم کورٹ کے کمشن کا کوئی نتیجہ نہ نکلا تو کیا فائدہ، جمہوریت کا ارتقا سپریم کورٹ میں نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران ہر بال پر چھکا مارنا چاہتے ہیں مطالبات نہ مانے گئے تو 27دسمبر کے بعد احتجاج ہو گا پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہی ہو گا۔ سابق صدر نے کہا کہ عمران ہر بال پر چھکا لگانا چاہتے ہیں،وکٹیں گریں تو ہمارا کیا قصور ہے؟ بلاول بھٹو کیلئے دلہن ڈھونڈ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن