لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ٹریٹ پولو کپ 2016ءزبردست مقابلے کے بعد گارڈ گروپ نے جیت لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ٹریٹ پولو کپ 2016ءزبردست مقابلے کے بعد گارڈ گروپ نے جیت لیا، فائنل میں وائی ٹرائب شاہسوارز کو 5-3 سے شکست، جبکہ سب سڈری فائنل میں ریجاس نے سکھ چین کی ٹیم کو آدھے گول کے ہینڈی کیپ سے ہرا دیا۔ فائنل میچ میں گارڈ گروپ کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے پہلے چکر کے آغاز میں ہی گول سکور کردیا۔ پہلے چکر میں ہی ثاقب خان خاکوانی نے دو مزید گول سکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری بڑھا دی۔ گارڈ گروپ کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے میچ میں چار گول سکور کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ وائی ٹرائب شاہسوارز کی طرف سے ممتاز عباس نیازی نے دو جبکہ راجہ تیمور ندیم نے ایک گول سکور کیا۔تیسری پوزیشن کے میچ سب سڈری فائنل میں ریجاس نے سکھ چین کی ٹیم کو آدھے گول سے شکست دیدی۔ دونوں ٹیموں نے چھ چھ گول سکور کیے۔ ریجاس کی ٹیم کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا جس پر ریجاس کی ٹیم جیت گئی۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول تھے جنہوں نے کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اسی موقع پر سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے، افواج پاکستان ڈٹ کر دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ لاہور پولو کلب میں جاری ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر خالد مقبول کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن امن اور خوشحالی دیکھ کر پریشان ہیں۔ بھارت جو بھی کر لے اسے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنا ہی ہوں گے۔