15 سائیڈ رگبی لیگ: پاکستان آرمی اور اسلام آباد کی ٹیمیں کامیاب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) چوتھی 15 سائیڈ رگبی لیگ کے دو اہم میچز اسلام آباد میں کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں پاکستان آرمی نے ون سائیڈڈ میچ کے بعد ڈی ایچ اے وائلڈ بیئرز کو 130 -0 سے شکست دے دیدی جبکہ دوسرے میچ میں میزبان اسلام آباد نے لاہور رگبی فٹ بال کلب کو 43-3 سے ہرا دیا۔ 15 سائیڈ رگبی لیگ پاکستان کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔ لاہور میں پاکستان رگبی یونین کے مینجر ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سید معظم علی شاہ کے مطابق پریمیئر رگبی لیگ میں شامل تمام ٹیمیں چھ چھ میچز کھیلیں گی جو کہ خوش آئند بات ہے۔ آرمی اور ڈی ایچ اے کے میچ میں آرمی کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت سپیڈ سے گیم کھیلی اور ٹرائی پہ ٹرائی سکور ہوتی رہی۔ آرمی کی طرف سے وقاص نے چار، ناصر ، انجم ، عرفان اور مضان نے دو دو ٹرائیز جبکہ شرافت، وقار، رمضان، وقاص، عمران، ظفر، ، اسد شاہد اور نوبہار جبکہ ڈوگر نے تمام ٹرائیز کو کنورٹ کیا۔ دوسرے میچ میں اسلام آباد نے لاہور رگبی فٹ بال کلب کے خلاف جاندار کھیل پیش کیا۔ لاہور کی طرف سے بھی کئی اچھی موو بنیں مگر ٹیم زیادہ سکور نہ کر سکی۔ اسلام آباد کی طرف سے بلال بٹ، سعد، رومیل، بلال خان اور آندرے نے ٹرائی سکور کیں۔