وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے مردان ہائی سکیورٹی جیل کو سینٹرل جیل قرار دینے کی سمری واپس کر دی
پشاور (این این آئی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے مردان ہائی سکیورٹی جیل کو سینٹرل جیل قرار دینے کی سمری واپس کردی۔ اپیکس کمیٹی کی طرف سے مردان جیل کو سینٹرل جیل کا درجہ دینے کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ وزیراعلیٰ کا سمری پر اعتراض تھا کہ اس کی تیاری میں محکمہ خزانہ اور پولیس سے مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ پولیس اور محکمہ خزانہ سے مشاورت کے بعد نئی سمری دوبارہ تیار کی جائے۔ محکمہ جیل خانہ جات کے ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل پشاور سے ایک ہزار قیدیوں کو مردان جیل منتقل کرنا تھا، 500قیدیوں کی گنجائش والی سینٹرل جیل پشاور میں 2900قیدی ہیں۔ گنجائش کم ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو بیرک کے بجائے مسجد میں رکھا جارہا ہے۔