فرحان محبوب نے چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ جیت لی
اسلام آباد (فہیم انور سے) فرحان محبوب نے چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ فائنل ورلڈ نمبر 52 فرحان زمان اورورلڈ نمبر 106 فرحان محبوب کے درمیان کھیلا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ سکواش میں پاکستان کا مستقبل تابناک ہے‘ سرینا ہوٹلز چیف آف دی ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا فائنل میں پہنچنا خوش آئند ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے شبانہ روز محنت جاری رکھی تو جیت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور پاکستان سکواش میں اپنے کھوئے ہوئے مقام کو جلد حاصل کر لے گا۔ وہ چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے فائنل کے بعد ’’نوائے وقت‘‘ سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سکواش کھلاڑی اور ورلڈ سکواش فیڈریشن کے صدر جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان نے سکواش میں اپنے کھوئے ہوئے وقار کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کی کاوشیں درست سمت میں گامزن ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو چاہئے کہ وہ کورٹ میں پریکٹس ٹائم کو بڑھائیں ہم اپنے دور میں 16,16 گھنٹے پریکٹس کیا کرتے تھے۔ آج کے کھلاڑی صرف چند گھنٹے کورٹ میں گزارنے کے بعد تھک جاتے ہیں۔ سپانسرز کو چاہئے کہ وہ چیمپئن شپ کو سپانسر کرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی سپانسر کریں تاکہ ان کھلاڑیوں کو بیرون ملک جا کر انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لینے کا زیادہ سے زیادہ موقع ملے۔