• news

سلو اوور ریٹ ‘ مصباح الحق پر ایک میچ کی پابندی‘جرمانہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سلو اوور ریٹ کے سبب پاکستان کے کپتان مصباح الحق پر ایک میچ کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب ہوئی اور مقررہ وقت کے لحاظ سے اپنے ہدف 103 اوورز کے مقابلے میں دو اوورز پیچھے رہی۔مصباح الحق نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں اب وہ آسٹریلیا میں سیریز کے دوران قومی ٹیم کو جوائن کرینگے۔ آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے مصباح کو ایک میچ کیلئے معطل کرنے کے ساتھ ساتھ میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد یا ہے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں پر 20فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اس سے قبل اگست میں انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں بھی مصباح الحق سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار ہائے تھے اور آئی سی سی کے قوانین کی رو سے 12 ماہ کے عرصے میں دوسری مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے پر ان پر پابندی عائد کی گئی۔اس معطلی کے سبب قومی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے ۔وہ ٹیم کو آسٹریلیا میںہی جوائن کرینگے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 25 نومبر سے کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن