وفاق سی پیک کو متنازعہ نہ بنائے‘ حق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے: پرویز خٹک
پشاور (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے کرپشن کی ہزار داستانیں چھوڑی ہیں۔ پانامہ لیکس میںباپ نے بیٹے کو جھوٹا ثابت کیا ہے۔ وفاق سی پیک کو متنازعہ نہ بنائے۔ اپنے حق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ غیرجمہوری عناصر کا پی ٹی آئی کی جمہوری تلاشی تحریک کو غیر جمہوری اور غیر قانونی قرار دینا پرانا کلچر ہے‘ آمریت کی پیداوار جمہوریت کی رموز سے ناآشنا ہے‘ ملک کو ذاتی جاگیر سمجھنے والوں کا حساب ہو گا۔ پُرامن لوگوں پر لاٹھی چارج اور ڈنڈے برسانا کیا قانونی ہے۔ وفاق صوبوں کو خاطر میں ہی نہیں لاتا جن عناصر کی تاریخ سازشوں سے بھری پڑی ہے وہ دوسروں کو اپنے حق کے لئے آواز اٹھانے پر غدارکہتے ہیں۔ ہم کورٹ سمیت تمام آپشن کو استعمال کرنے کے لئے لائحہ عمل بنا چکے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویومیںوزیر اعلیٰ نے کہا کہ مشترکہ پارلیمنٹ کے سیشن میں عدم شرکت کا فیصلہ پارٹی ہی نے کیا تھا جبکہ ترکی کے صدر کے لئے بلائے گئے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا راز یہ تھا کہ یہ بس حکمرانوں کا ایک خاندانی معاملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قائدین کے دورے صرف اسلام آ باد اور لاہور تک ہی محدود رکھے جاتے ہیں۔ وفاقی حکومت اس سلسلے میں چھوٹے صوبوں سے مشاورت نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزاد ہیں۔ کسی کے غلام نہیں اور ملک میں کوئی بادشاہت نہیں۔ ملک کے حکمران ایسے فیصلے کرتے ہیں جیسے یہ ملک انکی جاگیر ہو۔ ہم ملک کا ایک حصہ ہیں اس حوالے سے نواز شریف کی قیادت میں وفاقی انتظامیہ کو ہماری توقیر کرنی چاہئے۔