معلومات تک رسائی قانون کیخلاف درخواست چیف سیکرٹری پنجاب‘ سیکرٹری قانون سے جواب طلب
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ہائیکورٹ نے پنجاب میں معلومات تک رسائی کے قانون کیخلاف درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری قانون سے 15 دسمبر تک جواب طلب کر لیا ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر پنجاب انفارمیشن کمیشن کے ذمہ دار افسر کومعلومات کیلئے زیر التواء درخواستوں کے ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے علی لقمان کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیاکہ معلومات کی فراہمی شہریوں کا آئینی اور بنیادی حق ہے لیکن پنجاب میں یہ قانون معلومات کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہوا ہے، اس قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے لئے 2 روز کی تنخواہ قرق کرنے یا 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا ناکافی ہونے کی بناء پر قانون کاموثر اطلاق ممکن نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مزیدموقف اختیارکیاکہ 8 ماہ گزرنے کے باوجود درخواست گزارکوپنجاب فوڈ اتھارٹی سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی سماعت کے بعدعدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری قانون کو18 دسمبر کیلئے نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔