دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جنرل راحیل کی کوششیں قابل تعریف ہیں : حاصل بزنجو
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہیں سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے جنرل راحیل شریف کا بطور کمانڈر افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے میں کردار قابل تعریف ہے ،وزیراعظم ہوں، آرمی چیف یا چیف جسٹس سب کو اپنے عہدوں کی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے اس سے ادارے مضبوط ہوں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حاصل برنجو نے کہا آرمی چیف کی طرف سے ملازمت میں توسیع نہ لینے کافیصلہ خوش آئند اور مثبت ہے، ہم سمجھتے ہیں وزیر اعظم ، آرمی چیف ، چیف جسٹس سب کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے۔ انہوںنے کہا ایسے عمل سے ادارے مضبوط ہوں گے اور ملک میں انتشار اور بد امنی کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ آپریشن ضرب عضب ایک اہم فیصلہ تھا جو جنرل راحیل نے شروع کیا۔گو کہ حکومت کا کردار سب سے زیادہ رہا لیکن بطور کمانڈر افواج پاکستان جنرل راحیل شریف کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔