سندھ ہائیکورٹ: شراب کی فروخت سے متعلق قانون سازی کیلئے حکومت کوچار ہفتے کی مہلت
کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے شراب کی فروخت سے متعلق نئی قانون سازی کیلئے حکومت کو چار ہفتے کی مہلت دے دی ۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں شراب خانوں پر پابندی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے شراب کی فروخت سے متعلق نئی قانون سازی کیلئے حکومت کو چار ہفتے کی مہلت دے دی اور کہا کہ تمام مذاہب کے پیشوائوں کو بلا کر قانون سازی کیلئے مشاورت کی جائے ۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر تمام لائسنس منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔ غیرمسلم اسکالرز کی مشاورت سے نیا قانون بنایا جائے گا۔عدالت نے حکم دیا کہ ضبط کی گئی شراب کی فروخت کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ سیل شدہ شراب خانوںکی تفصیلات تیار کرنے کیلئے ڈی جی ایکسائز کے ساتھ تعاون کیا جائے۔