ڈسکہ: فیکٹری ملازم مبینہ تشدد سے ہلاک، ورثا کا احتجاجی مظاہرہ
ڈسکہ/ستراہ (نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی) معروف بیکری کی فیکٹری کا 18سالہ مزدور مبینہ طور پرتشدد سے ہلاک، اہلخانہ کا احتجاجی مظاہرہ۔ واقعات کے مطابق محلہ اسلام پورہ کے رہائشی محمد نذیر کا 18سالہ بیٹا محمد فہیم جو تھانہ صدر کے علاقہ سمال سٹیٹ انڈسٹریز ڈسکہ میں بیکری کی فیکٹری میں ملازم تھا جس کی نعش صبح سویرے فیکٹری کے مین گیٹ کے باہر سے ملی فیکٹری اہلکاروں نے مقتول کے ورثاء کو پیغام دیا کہ آپ کے بیٹے کا ایکسیڈنٹ ہو گیا ہے فیکٹری کے باہر آکر نعش وصول کر لیں لیکن ورثاء نے الزام لگایا کہ محمد فہیم کو فیکٹری کے اندر ہی تشدد سے قتل کیا گیا لیکن فیکٹری مالکان کے بااثر ہونے کی وجہ سے تادم تحریر کوئی کارروائی نہیں ہو سکی جس پر مقتول کے ورثاء نے چوک سول ہسپتال سے چاروں طرف سے آنے والی ٹریفک کو ٹائروں کو آگ لگا کر بند کر دیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف دلایا جائے اور ہمارے بیٹے کو قتل کرنے والے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے احتجاج کی وجہ سے دو گھنٹے تک گوجرنوالہ سیالکوٹ روڈ ٹریفک کے لئے مکمل بند رہا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ مقامی پولیس نے پہنچ کر دو گھنٹے سے رکی ہوئی ٹریفک کو بحال کرا دیا۔