عمران جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت وفاق الیکشن کمشن کو نوٹس جاری
اسلام آباد(آئی این پی+ این این آئی) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین کے خلاف آف شور کمپنیاں بنانے سے متعلق کیس میں وفاق اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 30نومبر تک ملتوی کردی۔ بدھ کو سپریم کورٹ کے جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حنیف عباسی کی عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف آف شور کمپنیاں بنانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت سے استدعا کی حنیف عباسی کا کیس لارجر بینچ کو بھیج دیں جس پر عدالت نے اکرم شیخ کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے قرار دیا چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ پہلے ہی اس معاملے کی سماعت کررہا ہے۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کیس میں عمران خان کی جانب سے حامد خان پیش ہورہے تھے، گذشتہ روز میری خدمات لی گئیں، مجھے جواب داخل کرنے کے لئے وقت دیا جائے، جس پر عدالت نے تحریک انصاف کے وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیدیا۔ وفاق اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 30نومبر تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ معاملے کو پانامہ سکینڈل کے ساتھ لارجر بنچ کے سامنے لگانے کا فیصلہ چیف جسٹس کریں گے۔