سینٹ :قائمہ کمیٹی رپورٹ پیش کرنیکی مدت میں توسیع کی قرارداد اپوزیشن کی مخالفت پر مسترد
اسلام آباد ( وقائع نگار+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سینٹ نے پانامہ پیپرز انکوائری بل 2016ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی قرارداد اپوزیشن کے مخالفت کے باعث مسترد کردی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی نے تحریک پیش کی اور موقف اختیار کیا کہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر چوہدری اعتراز احسن اور وزیر قانون کی ترمیم پر اختلافات کے باعث معاملہ چیئرمین سینٹ کو ریفر کیا تھا جس پر چیئرمین کی رائے آچکی ہے۔ انہوں نے چیئرمین سے استدعا کی کمیٹی کے اجلاس کے خلاف کمیٹی روم دستیاب نہیں تھا لٰہذا اس کی مدت میں توسیع کی جائے جس پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اعتراض کیا تو چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ اس معاملے پر رائے شماری کرا لیتے ہیں۔ رائے شماری کے دوران 15 ارکان نے 23 نے اپوزیشن کے حق میں ووٹ دیا جس پر سینیٹر جاوید عباسی کی تحریک مسترد کردی گئی۔ ایوان نے پلانٹ بریڈرز حقوق بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ ہندو میرج بل سینٹ میں پیش کر دیا گیا جبکہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی بل 2016ء قائمہ کمیٹی کو ریفر کرتے ہوئے احتیاط سے جائزہ لینے کی ہدایت کر دی۔ پیپلزپارٹی نے ڈاکٹر عاصم کو سیاسی قیدی قرار دینے کی قرارداد جمع کرا دی۔ خواجہ سرائوں کے عمرے پر جانے پر پابندی کا معاملہ سینٹ کمیٹی کے سپرد کر دیا اور کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ 2 ماہ میں سفارشات پیش کرے۔ حافظ حمد اللہ نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ دین میں خواجہ سرائوں کے وہی حقوق ہیں جو مرد اور عورت کے بیان کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں خواجہ سرائوں کے ساتھ اچھوتوں والا سلوک کیا جاتا یہ جو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ خواجہ سرا ہونا کوئی جرم نہیں ہے۔ وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لانڈھی ریلوے سٹیشن پر ٹرین کے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور ہیں‘ حادثے کے وقت دونوں کیبن میں موجود نہیں تھے‘ ذمہ داروں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالب علم پر تشدد کے بعد طبی معائنے کے لئے بورڈ تشکیل دے دیا ہے‘ طالب علم کو بیرون ملک علاج کی ضرورت پڑی تو اس کے اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ وزیر قانون نے سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ اب تک 98 صنعتی یونٹس کی نجکاری کی گئی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا ہے کہ وقفہ سوالات کے دوران جوابات نہیں آ رہے ایک موقع دے رہا ہوں اس کے بعد اگر جوابات نہ آئے تو رولنگ دوں گا۔ وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے بتایا کہ اسلام آباد کے سکولوں میں 53 فیصد طلبہ کے منشیات کے عادی ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ وزارت کیڈ رپورٹ جاری کرنے والی این جی او کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔