کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کیخلاف ملتان سمیت کئی شہروں میں مظاہرے
ملتان(آئی این پی)کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کئی شہروں میں سیاسی ودینی جماعتوں،تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی نے بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور بھارتی پرچم نذرآتش کیا۔ مسلم لیگ(نٰ)یوتھ ونگ کے زیراہتمام بھارتی جارحیت کیخلاف خانیوال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔ اور بھارتی، اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے اور مودی کا پتلا بھی جلا یا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ ونگ مسلم لیگ ن کے رہنمائوں عبدالرحمن فری اور آصف انصاری نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر مذموم حرکتیں کر کے اپنی قبر خود کھود رہا ہے۔ انڈیا اپنی بربادی کی راہ پر چل پڑا ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ سول سوسائٹی کے زیراہتمام ایس پی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شہریوں نے بھارتی پرچم نذر آتش کر دیا۔ مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔مرکزی انجمن تاجران گلگشت کے زیر اہتمام گردیزی مارکیٹ میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین نے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستانی عوام بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں۔ علاوہ ازیں ملتان کے تاجروں نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا۔ مظاہرین نے پش اپس لگا کر بھارت کو پیغام دیا کہ وہ بھارتی جارحیت سے دبنے والے نہیں ہیں۔ مظاہرین نے بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا۔