کرنسی بحران :راجیہ سبھاگلی گلی میں شور مودی چور ہے کے نعروں گونجھ اٹھی
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) کرنسی بحران پر بھارتی اپوزیشن نے 28 نومبر کو مودی حکومت کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ مودی کیخلاف نعروں سے گونج اٹھی۔ ارکان پارلیمنٹ نے نعرے لگائے، گلی گلی میں شور ہے نریندر مودی چور ہے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے بھارتی وزیراعظم کیخلاف سخت احتجاج کیا۔ بھارتی اپوزیشن نے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 28 نومبر کو کرنسی بحران پر 200 سے زائد ارکان پارلیمنٹ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ اپوزیشن پارٹی کانگریس عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے کرے گی۔مودی سرکار کی کالے دھن کی روکنے کی عجیب منطق سے عوام پریشان ہیں اور یہ مسئلہ روز بروز زیادہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اب تو اس نے لوگوں کی جان بھی لینا شروع کردی ہے اور اسی نوٹوں کی بندش نے ننھی بچی کی جان بھی لے لی۔ اتر پردیش میں فیس کے پیسے بروقت نہ جمع کرانے پر تین سالہ بچی نے خود کشی کرلی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بچی کا والد کئی دن سے بینک کے چکر لگارہا تھا لیکن رش اور دیگر مسائل کی وجہ سے وہ بینک سے نوٹ تبدیل کرانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ ادھر سکول والوں نے بچی پر فیس جمع کرانے کیلئے دباؤ ڈالنا شروع کردیا جس سے تنگ آکر بچی نے خود کشی کرلی اور یوں ہنستا بستا گھرانہ غم کی تصویر بن گیا۔