نواز شریف آج جنرل راحیل کو الوداعی عشائیہ دینگے، نئے آرمی چیف کا اعلان بھی متوقع
اسلام آباد (عترت جعفری) وزیراعظم محمد نوازشریف آج آرمی جنرل راحیل شریف کو الوداعی عشائیہ دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات بھی ہو گی۔ وزیراعظم آرمی چیف کو جو تین سال کی مدت پوری کرکے 29 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں خدمات پر خراج تحسین پیش کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا اعلان بھی آج کر دیا جائے گا۔ روایات کے مطابق سبکدوش ہونے والے آرمی چیف کو سربراہ حکومت کی طرف سے دی جانے والی دعوت میں نامزد آرمی چیف بھی شریک ہوتے ہیں۔ پی ایم آفس کے ذرائع سے جب اس سلسلہ میں رابطہ قائم کیاگیا تو انہوں نے کہا کہ عشائیہ کنفرم ہے تاہم اس کے مدعوئین کے نام ابھی نہیں بتائے جا سکتے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کو نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لئے سمری ارسال کر دی گئی ہے۔