بھارتی نریندرا بترا کا رابطہ، پی ایچ ایف سے جونیئر کھلاڑیوں کے نام مانگ لئے
لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) بھارت ہاکی فیڈریشن اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی کے صدر نریندر بترا نے پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم کی آئندہ ماہ بھارت میں ہونیوالے جونئیر ورلڈکپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نریندر بترا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئین شہباز احمد سینئر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے پی ایچ ایف سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فہرست منگوائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نریندر بترا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ جونئیر ہاکی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کو یقینی بنانے اور جلد ویزے جاری کرنے کے لیے اپنی حکومت سے بھی بات چیت کریں گے تاکہ پاکستان ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے جلد غیر یقینی کی کیفیت ختم ہو۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ کے الیکشنز میں بھارت کے نریندر بترا کو ووٹ ڈالا تھا۔ پی ایچ ایف نے 24 اکتوبر کو بھارت میں آٹھ دسمبر سے شروع ہونیوالے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ویزے اپلائی کر دیے تھے۔ پی ایچ ایف نے پچیس کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کے سات افراد سمیت فیڈریشن کے اعلی عہدیداروں کے ویزے بھی اپلائی کر رکھے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ بھارت میں ہونیوالے جونئیر عالمی کپ کے لیے ویزوں کی درخواستوں سمیت تمام کام بروقت مکمل کیے گئے ہیں۔