• news

پی سی بی کا پچز کامعیار بہتر بنانے کیلئے غیر ملکی ماہرین کی خدمات پر غور

لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کرائسٹ چرچ میں باونسی وکٹ اور سیمنگ کنڈیشنز میں پاکستانی بلے بازوں کی ناکامی نے پاکستان کرکٹ کے بڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ناکامی کے بعد پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں میں پچوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلیے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد مصباح الحق کے سسر کے انتقال پر تعزیت کرنے گئے تو وہاں پاکستان کرکٹ سے جڑے مختلف مسائل پر بھی سنجیدہ گفتگو ہوئی۔ پاکستان بیٹنگ لائن کی پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ناکامی اور مستقبل کے پیش نظر ڈومیسٹک کرکٹ میں پچوں کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا ہے اس ضمن میں غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے یا پھر مقامی کیوریٹرز کو ٹریننگ کے لیے بیرون ملک بھجوانے پر بھی بات ہوئی۔ ٹیسٹ سنٹرز پر بورڈ کیطرف سے کیوریٹرز کو تعینات کیا گیا ہے۔ ریجنل کرکٹ گراونڈز پر تعینات سٹاف ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے۔ ملک بھر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سٹاف میں لگ بھگ دو درجن کیوریٹرز شامل ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں کپتان من پسند کی وکٹوں کے لیے کیوریٹرز پر دباو ڈالتے رہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بیٹھک میں قومی کرکٹ ٹیم کی دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کے کم بیک پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بورڈ چیئرمین شہریار خان کو اپنے دورہ کراچی کے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن