گوادر اور سی پیک ۔ تجارتی سرگرمیوں کا آغاز
مکرمی !گوادر بندر گاہ ایک میگا منصوبہ ہے جہاں افتتاح کے ساتھ ہی کاروباری سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں لیکن ابھی بھی اس بندرگاہ کو دنیا کی بہتر ین بندرگاہوں میں سے ایک بنانے کے لیے کام جاری ہے ۔ گوادر بندرگاہ سے منسلک شہر گوادر میں ترقیاتی کام عروج پر ہیں ۔ دنیا کا جدید ترین ہوائی اڈا بھی گوادر میں بن رہا ہے۔ سی پیک کے تحت مغربی روٹ پرروڈ انفراسٹرکچر تیزی سے مکمل ہو رہاہے ۔ مغربی روٹ کے ساتھ ریلوے لائن کی تنصیب بھی شروع ہونے والی ہے۔ ریلوے لائن کی تنصیب بذات خود بڑا منصوبہ ہے جو سی پیک کے تحت مکمل ہوگا۔ اس ریلوے لائن اور مغربی رو ٹ کے روڈز کو دیگر شہروں کے ساتھ ملایا جائے گا۔ جہاں صنعتی زونز بنیں گے اور ان شہروں کی آبادی کے لیے روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ گوادر بندرگاہ سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان اب بدل چکا ہے اور سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے لیے پرکشش مراعات کے ساتھ ایک محفوظ ملک بن چکا ہے ۔ عالمی میڈیا کے مطابق آنے والے چند سالوں میں گوادر بندگاہ دنیا کی مصروف ترین بندرگاہوں میں سے ایک ہوگی جو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے تمام ممالک کی خوشحالی کا باعث بنے گی۔(نداء یٰسین لاہور)