• news

بھارت نے کوئی قدم اٹھایا تو جانتے ہیں کہاں سے پکڑنا ہے : ایئرچیف

کراچی (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) ائرچیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کی جنگی تربیت بہت معیاری اور اعلیٰ ہے، پاک فضائیہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ضرب عضب ایک مکمل جنگ ہے اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، فضائیہ اس جنگ میں شامل ہے۔ بھارتی عزائم سے بخوبی واقف ہیں، اگر اس نے کوئی قدم اٹھایا تو جانتے ہیں اسے کہاں سے پکڑنا ہے، دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ائر چیف مارشل نے کہا ہماری صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔ شاید ہماری سول قیادت کو ضرب عضب سے متعلق اتنا معلوم نہ ہو لیکن ہماری فوج ہر روز ایک جنگ لڑتی ہے۔ اللہ نہ کرے کہ بھارت سے کبھی جنگ ہو، لیکن اگر جنگ ہوئی تو ہمیں کوئی پریشانی نہیں۔ بھارت کےخلاف تینوں مسلح افواج تیار ہیں۔ بھارت کے ہتھکنڈوں سے دباو¿ میں آنے والے نہیں ہیں۔ اڑی واقعے کے بعد پاکستان نے بڑے سادے انداز میں تمام تیاریاں کرلی تھیں، اس لئے بھارت تحمل میں رہ کر کشمیر کے معاملے کو حل اور باقی معاملات کو بہتر کرے تو اچھا ہے، بھارت کو دیگر معاملات پر اصولوں سے بات کرنی چاہئے۔دریں اثناءنیول چیف ایڈمرل ذکاءاللہ نے کہا بھارتی آبدوز کا معاملہ غیرمعمولی تھا جسے کچھ دن پھنسا کر رکھنے کے بعد واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ امید ہے آئندہ بھارت یہ جرا¿ت نہیں کرے گا۔ آئیڈیاز پورے خطے میں سب سے بہترین دفاعی نمائش جانی جاتی ہے۔ کراچی شپ یارڈ نے بہت ترقی کی ہے جہاں میزائل بوٹس بن رہی ہیں۔ سی پیک بہت بڑا منصوبہ ہے جوکہ جلد ہی آپریشنل ہو جائے گا۔ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کریں گے۔ پاکستان نیوی اور میری ٹائم ملکر پانیوں میں بھارت کی شرارتیں روک رہے ہیں آئندہ کسی بھارتی آبدوز کو یہاں آنے کی جرات نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں دفاعی نمائش کے تیسرے روز مزید 2معاہدوں پر دستخط ہوئے، جس کے بعد معاہدوں کی تعداد15 ہوگئی ہے، پہلا معاہدہ پاکستان ائیرونوٹیکل کمپلیکس اور فرانس میں ہوا۔ پی سی اے فرانس کی ایک کمپنی کو جہازوں کے کمیوکیشن کیبل مہیا کرے گا، دوسرا معاہدہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور دبئی کی کمپنی میں ہوا۔ دفاعی نمائش آئیدیاز 2016 میں پاکستان کے الخالد ٹینک کا جدید ترین ورژن الخالد ون متعارف کرادیا ہے، ٹینک جنگ کی صورت میں دشمن کے عقب میں پہنچ کر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے نئی بکتربند گاڑیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر پنجاب، ملک محمد رفیق رجوانہ نے آئیڈیاز 2016 کا دورہ کیا۔
سہیل امان

ای پیپر-دی نیشن